ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ملیالم نیوزچینل ’میڈیا ون‘ کی نشریات پر روک لگانے کے بعد ہائی کورٹ نے دیا اسٹے

ملیالم نیوزچینل ’میڈیا ون‘ کی نشریات پر روک لگانے کے بعد ہائی کورٹ نے دیا اسٹے

Wed, 02 Feb 2022 12:10:23    S.O. News Service

ترونتاپورم 2؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی)  مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات نے مقبول ملیالم نیوز چینل میڈیا ون (Media One) پر پابندی عائد کرنے کے بعد کیرالہ ہائی کورٹ نے پابندی کے حکم کو عارضی طور پرٹال دیا اور اگلی تاریخ تک کے لئے اسٹے دے دیا ہے۔ جماعت اسلامی کی حمایت والے ملیالم زبان کے معروف نیوز چینل میڈیا ون کی  نشریات  کو مرکزی وزارت نے ’سیکورٹی وجوہات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے روک دیاتھا۔  خیال رہے کہ چینل پیرکی دوپہر کو آف ایئر ہو گیاتھا مگر ہائی کورٹ سے اسٹے ملنے کے بعد چینل پر نشریات دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔

جیسے ہی میڈیا ون ٹی وی کی نشریات پر پابندی لگائی گئی، چینل کے ایڈیٹر پرمود رامن نے ایک بیان میں کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے چینل پر پابندی عائد کی ہے، لیکن چینل کو ابھی تک اس کی تفصیلات نہیں مل سکی ہیں۔ چینل نے اپنے بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت نے بھی میڈیاون ٹی وی پر پابندی کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ ہم نے پابندی کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس عمل کو مکمل کرنے کے بعد، چینل دوبارہ اپنی نشریات شروع کرے گا۔ چینل نے اسکرین پر پیغام چلایا -’ہم اس امید کے ساتھ نشریات کو عارضی طور پر معطل کر رہے ہیں کہ آخرکارہمیں انصاف مل کر رہے گا۔‘

چینل کے ذرائع نے بتایا کہ ٹی وی چینل کے لائسنس کی مدت ختم نہیں ہوئی لیکن جب پابندی آئی تو چینل کے لائسنس کی تجدید کا عمل جاری تھا۔ اگرچہ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم وزارت کے سینئر ذرائع نے بتایا کہ اسے بلاک کرنے کا حکم اس لیے جاری کیا گیا کیونکہ چینل نے سیکورٹی کلیئرنس حاصل نہیں کی تھی۔ ایک اہلکار نے نوٹ کیا کہ چینل کو نیوز کے زمرے میں نجی سیٹلائٹ ٹی وی چینل کے طور پر لائسنس کی تجدید کے لیے ’سیکورٹی کلیئرنس سے انکارکردیا گیاتھا‘ جو موجودہ پالیسی کے مطابق 10 سال کی مدت کے لیے دی جاتی ہے۔

میڈیا میں آئی خبروں کےمطابق میڈیا ون ٹی وی چینل نیوز کیٹیگری کے تحت جس کی ملکیت مادھیمم براڈکاسٹنگ لمیٹڈ کے پاس ہے ستمبر 2011 سے دس سال تک کی اجازت کے ساتھ شروع کیا گیا تھا اور لائسنس کی میعاد ستمبر 2021 کو ختم ہوگئی تھی جس کے بعد لائسنس کی تجدید کے لئے سیکوریٹی کلینرنس طلب کی گئی تھی جس کا جواب نہیں دیا گیا تھا۔

پتہ چلا ہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ میڈیا ون ٹی وی کو نشریات سے روکا گیا۔ اس سے پہلے مارچ 2020 میں مرکز نے میڈیا ون چینل سمیت دوسرے ایک چینل اشیاء نٹ  پر 48 گھنٹوں کے لئے پابندی عائد کی تھی اور الزام عائد کیا گیا تھا چینل پرشمال مشرقی دہلی میں سی سی اے اے احتجاج کے دوران ہوئے تشدد کی واردات کی رپورٹنگ کی تھی، الزام تھا کہ چینل نے جانبدارانہ رپورٹنگ کی تھی۔


Share: